الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا اعلان کر دیا
اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن کروانے کا اعلان کر دیا ۔الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں گیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروا دئیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لیا۔
27 ستمبر کو حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔ اعتراضات کے بعد حتمی فہرست 30 ستمبر کو جاری کیا جائے گی۔اس کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروا دئیے جائیں گے۔ اس سے قبل گران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے قانون اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا تھا کہ ملک میں عام انتخابات 15 سے 25 جنوری کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنور دلشاد نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ساڑھے 12 کروڑ سے زائد ووٹرز کی فہرست جاری کر دی ہے، حلقہ بندیوں کا معاملہ 30 نومبر سے قبل مکمل ہو جائے گا اور 30 نومبر کو حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔ معاون خصوصی نے کہاکہ نوٹیفکیشن کے بعد سیکشن 57 کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کرنے کا مجاز ہے، عام انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار صرف اور صرف الیکشن کمیشن کو ہے، کوئی ادارہ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتا۔