21 اکتوبر کو نواز شریف کا خطاب قومی نصب العین طے کرے گا، شہباز شریف

21 اکتوبر کو نواز شریف کا خطاب قومی نصب العین طے کرے گا، شہباز شریف

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کا خطاب قومی نصب العین طے کرے گا، نواز شریف کی قیادت میں ملک گیر انتخابی مہم پوری قوت سے چلائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پارٹی کارکنوں کے نام جاری کردہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کیلئے محنت پر تمام کارکنان کو شاباش دیتا ہوں، مرد و خواتین اور نوجوان کارکنوں کا جذبہ، لگن اور پارٹی سے نظریاتی وابستگی مثالی ہے، پاکستان کی کامیابی کی ٹیم آپ ہیں، آپ کی دن رات کی محنت رنگ لائے گی، پاکستان کی کامیابی اتحاد اور اشتراکِ عمل میں ہے، خطے اور دنیا میں ابھرتے سنگین بحرانوں میں پاکستان کا اتحاد اور معاشی مضبوطی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، 21 اکتوبر کو نواز شریف کی وطن واپسی پاکستان کے اتحاد اور معاشی مضبوطی کی طرف اہم قدم ثابت ہوگی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بحرانوں سے نکالنے اور عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ہمیشہ قائد مسلم لیگ ن نے تاریخی کردار ادا کیا، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایک بار پھر تاریخ اور اپنی سنہری روایت دہرائیں گے اور عوام کو مشکل سے نکالیں گے، پوری کوشش کریں گے کہ نوازشریف کی قیادت میں سب ٹھیک کریں، قائد مسلم لیگ ن کی قیادت میں ہم نے ہمیشہ ملک کو بچایا ہے، اللہ تعالیٰ کے کرم سے پھر ایسا ہی ہوگا، یہ فیصلہ کن مرحلہ بھی ماضی کی روایتی ہمت اور قوت سے عبور کرنا ہے، آپ کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے