عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے
نارووال: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔انہوں نے نارووال میں ورکرزز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو جو پی ٹی آئی نے فوج پر حملہ کیا۔میں پاکستانی قوم کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں جس نے اس سازش کو ناکام بنا کر ایٹمی پروگرام کو بچا لیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگلا الیکشن کا میدان جب سجے گا تو ہم پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے۔یہ پاکستان کی ریاست سے بڑا بت بننے کی کوشش کرتے ہیں تو قوم ایسے بتوں کو پاش پاش کر کے رکھ دیتی ہے۔پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہم سے بڑا ہے۔قبل ازیں احسن اقبال نے کہا کہ ہم اپنے قائد نواز شریف کی واپسی کیلئے جلسہ کر رہے ہیں،یہ جلسہ ان کے استقبال کیلئے لوگوں کا جذبہ بیدار کرنے کے لئے ہے، اس جلسہ کے ساتھ ہی اگلے الیکشن کی مہم شروع ہو چکی ہے۔
احسن اقبال نے کہاکہ الیکشن میں پاکستان کی عوام سپریم کورٹ ہوتی ہے جس کی عدالت میں ہر جماعت کا امیدوار پیش ہو کر اپنا مقدمہ سناتا ہے، 2018 میں ایک مثال دی تھی ہر جلسہ میں سوال کیا تھا کہ آپ میں کون اپنے موٹر سائیکل کی چابی کسی ایسے بندے کو دے گا جس نے موٹر سائیکل نہ چلائی ہو،اناڑی کو موٹر سائیکل دیں گے تو وہ اپنا سر بھی پھاڑے گا، موٹر سائیکل بھی توڑ دے گا۔