الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق سوال پر نوازشریف مسکرا دیئے
اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق سوال پر نوازشریف مسکرا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق قائد ن لیگ میاں نواز شریف آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، مرکزی گیٹ پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا، کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، کارکنان کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے نعرے بھی لگائے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر پارٹی صدر شہباز شریف سمیت دیگر سینئر لیگی رہنما بھی نوازشریف کے ہمراہ تھے، صحافی نے جب قائد ن لیگ سے سوال کیا کہ ’کیا آپ الیکشن میں حصہ لیں گے؟‘ اس پر نواز شریف نے کوئی جواب تو نہ دیا، صحافی کا سوال سن کر مسکرادیئے۔ اس دوران جب صحافی نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ ’میاں نوازشریف نے مفاہمت کی بات کی تو کیا پی ٹی آئی سے بھی مفاہمت کی جائے گی؟ اس پر شہباز شریف نے کہا کہ ’میاں صاحب نے جو فرمایا اس پر وضاحت کی ضرورت نہیں رہتی‘، صحافی نے کہا کہ ’آپ بھی اب عدالتوں میں ہی چکر لگا رہے ہیں‘، جس پر شہباز شریف نے کہا ’ہم قانون کا احترام کر رہے ہیں‘۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ میں نوازشریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر سماعت شروع ہوئی تو سابق وزیراعظم نواز شریف نے ساڑھے تین سال اشتہاری رہنے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے خود کو سرنڈر کر دیا، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کیس نے سماعت کی، دورانِ سماعت وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا ایک انفارمیشن بتانی ہے، احتساب عدالت نے اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے وارنٹ بھی ختم ہو گئے۔