یکم نومبر سے پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان
اسلام آباد : یکم نومبر سے پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔ سما نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 0.82 روپے فی لیٹر اضافہ ہوسکتا ہے۔ نگران حکومت کی جانب سے 16 اکتوبر کوپٹرول 40 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کی گئی تھی۔
تاہم اب عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافےکا امکان ہے ۔ خیال رہے کہ بین الاقوامی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 3.14 اور 1.14 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں مشرق وسطٰی کشیدگی کے باعث تیل کی بڑھتی قیمتوں کو بریک لگ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کم ہونے کے بعد برطانوی خام تیل کی قیمت 90 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 84 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے نیچے آ گئی ہے۔
تیل کی قیمتوں میں دو فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 88 ڈالرز کی سطح پر ٹریڈ ہو رہی ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 83 ڈالرز کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل تک عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 80 ڈالرز فی بیرل کی سطح تک بھی پہنچ گئی تھیں، تاہم مشرق وسطٰی میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی میں خلل پڑنے کے خدشات پیدا ہوئے، جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا اور گزشتہ ہفتے تک قیمتیں 90 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی تھیں۔