نگران وزیر اعظم سے لمز یونیورسٹی میں طلبہ کے سخت تنقیدی سوالات
لاہور: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے لمز یونیورسٹی میں تاخیر سے پہنچنے پر طالب علم نے سخت سوالات پوچھے۔ ایک طالب علم نے سوال کیا کہ یہ ایک یونیورسٹی ہے، طلبہ اپنا وقت نکال کر آئے، آپ پھر بھی 50 منٹ دیر سے آئے، ہمارے وزیر اعظم کو علم کی عزت ہی نہیں ہے۔ نگران وزیراعظم نے طالب علم کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تم مایوس نہ ہوا کرو مثبت رہو۔
میں آپ کی طرف سے کابینہ میٹنگ شروع کر چکا تھا، اس میٹنگ میں مجھے وقت لگا، انہوں نے کہا کہ کابینہ کی میٹنگ میں بہت سی ایسی چیزیں ہوتی ہیں، جس کے بہت دورس نتائج ہوتے ہیں، جس کے اثرات آپ کے زندگی پر ہوتے ہیں۔ اگر میں میٹنگ میں اپنا کچھ وقت دے کر آجاتا تو میں اپنا کام بہتر طریقے سے نہیں کر سکتا تھا، اور جس کام کیلئے مجھے منتخب کیا گیا وہ میں نہیں کر رہا ہوں گا، انہوں نے کہا کہ مجھے اس کام کیلئے نہیں چنا گیا کہ میں آکر لمز میں آپ سے بات کروں، بلکہ یہ میں صرف رضاکارانہ طور پر آپ سے بات کر رہا ہوں۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں نے 15 سے 20 منٹ آپ کے اساتذہ سے بھی بات کی، جس کیلئے میں معذرت چاہتا ہوں، میرا کام کابینہ کے فیصلے کرنا ہے۔ سیشن میں موجود ایک طالبعلم نے کہا کہ نگران حکومت کا حصہ ہونے کے ناطے 90 روز میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کروانا آپ کی ذمہ داری تھی جسے بدقسمتی سے ادا نہیں کیا گیا اور اسے آئین کی خلاف ورزی قرار دیا۔