نوازشریف مکمل فٹ ہیں‘ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، خواجہ آصف
لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف نے کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف مکمل فٹ ہیں اور الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو لیول پیلئنگ فیلڈ حاصل ہے، انتخابات میں سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی، نواز شریف بھی الیکشن میں حصہ لیں گے، سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد اب مکمل طور پر فٹ ہیں، ابھی فیصلہ ہوگا کہ انہوں نے کس حلقے سے الیکشن لڑنا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے آئندہ ہفتے سے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نوازشریف آئندہ ہفتے سب سے پہلے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، ان کی دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا شیڈول بھی طے کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن نے اہم اجلاس میں پارٹی قائد کے ملک کے چاروں صوبوں کے دوروں کا فیصلہ بھی کیا ہے، نوازشریف 10 نومبر کے بعد ملک بھر میں دوروں کا آغاز کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ پر مکمل پر بھروسہ ہے کہ پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا، میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ٹھیک کریں گے، ن لیگ کو پھر موقع ملا تو معیشت کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرے گی، الیکشن کے بعد آنے والی حکومت کے معاشی ایجنڈے کو 10 سال تک تحفظ ملنا چاہیے، اگر کسی نے اس قوم کے پیسے لوٹے ہیں تو اسے حساب دینا ہوگا, توشہ خانہ والوں کو بھی حساب دینا ہوگا۔