رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا‘ ریاست بچ گئی سیاست بھی بچ جائے گی، شہبازشریف
کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ جن کو عوام منتخب کریں گے قوم ان کو قبول کرے گی، رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، ایک دوسرے پر الزامات کے بجائے آگے بڑھنا چاہیئے، ریاست بچ گئی سیاست بھی بچ جائے گی۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اب اللہ نے موقع دیا تو میاں نواز شریف بلوچستان کی ترقی میں حائل تمام مسائل کو حل کریں گے، نواز شریف نے وطن واپس تشریف لانے کے بعد اپنے سیاسی سفر کا آغاز کوئٹہ، بلوچستان سے کیا ہے، بلوچستان میں سڑکوں کا جال پھیلانے، گوادر پورٹ بنانے اور سی پیک کو یہاں لانے کے لیے بے پناہ کوششیں کرنے والے شخص کا نام محمد نواز شریف ہے، دوبارہ موقع ملا تو نوازشریف بلوچستان کے تمام مسائل حل کریں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ اپنے بھائی نواب اسلم رئیسانی اور حاجی لشکری رئیسانی کو ملنے آیا ہوں، ہمارا اس خاندان سے 50 سال سے تعلق ہے، سیاست اپنی جگہ خاندانی تعلق کا ہمیشہ احترام کیا، حاجی لشکری رئیسانی کو دعوت دینے آیا ہوں ن لیگ میں شامل ہوں، بلوچستان کے بہت سارے سیاسی اکابرین نے ن لیگ کو جوائن کیا ہے، ہمیں مل کر اس صوبے کو خوشحال بنانا ہے، ہمیں مل کر سیاسی، معاشی اور معاشرتی مسائل کو حل کرنا ہے۔