نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو ایک دوسرے پر الزامات لگانے سے روک دیا
لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ایک دوسرے پر الزامات لگانے سے روک دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے دوران انٹرویو پارٹی رہنماؤں اور انتخابی امیدواروں کو ایک دوسرے پر الزامات لگانے سے منع کردیا ہے، تلخی کم کرنے کی تلقین کرتے ہوئے پارلیمانی بورڈ اجلاس کے رولز آف بزنس بھی طے کردیئے اور کہا ہے کہ امیدوار صرف اپنی کارکردگی اور وژن پیش کریں، کسی دوسرے امیدوار بارے کوئی بات نہیں ہوگی، کسی نے رولز آف بزنس توڑے تو انہیں بورڈ اجلاس سے نکال دیا جائے گا، پارٹی ڈسپلن اور ضوابط کار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
بتایا جارہا ہے کہ ان دنوں مسلم لیگ ن کے رہنماء دانیال عزیز اور احسن اقبال کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے، جہاں دانیال عزیز نے سابق وفاقی وزیر احسن اقبال پر الزامات عائد کیے اور کہا کہ نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین احسن اقبال تھے، احسن اقبال کے اقدامات کی وجہ سے ہی مہنگائی ہوئی، مجھے پتا ہے مہنگائی کیوں ہوئی، ان کو اگر معیشت کا نہیں پتا تو ان کوان چیزوں کے نزدیک بھی نہیں جانا چاہیے، آئندہ بتاؤں گا کہ مہنگائی کیوں ہوئی اور کون ذمہ دار ہے، مہنگائی ہوتی نہیں کی جاتی ہے، بتاؤں گا اس کا بینیفشری کون ہے۔
بعد ازاں احسن اقبال نے دانیال عزیز کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ میں ساتویں مردم شماری کی مانیٹرنگ کمیٹی کا چئرمین تھا جس کا کام ملک میں آبادی کی گنتی کے عمل کی نگرانی کرنا تھا، ساتویں مردم شماری میں پاکستان کی آبادی میں اضافہ کی شرح 2.4 فیصد سے بڑھ کر 2.5 فیصد ہوگئی، کیا زیادہ بچے پیدا ہونے کی ذمہ داری چئرمین مردم شماری مانیٹرنگ پہ آئے گی؟۔