نوازشریف کی تقریباً 20 سال بعد چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ آمد
لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شجاعت حسین سے ملنے اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کرنے 2 دہائیوں بعد سربراہ ق لیگ کی رہائش گاہ پہنچے ہیں جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس ملاقات میں ن لیگ اور ق لیگ کے درمیان الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور سیاسی اتحاد پر بھی غور کیا جائے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف اور سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے الیکشن میں مل کرانتخابی اتحاد بنانے پر اتفاق کیا ہے، دونوں رہنماؤں میں آئندہ انتخابات کے بعد مل کر حکومت بنانے پر بھی اتفاق ہوا، اس سلسلے میں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ملاقات کی، پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹریٹ آمد پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نے پارٹی صدر شہباز شریف کے ہمراہ سربراہ جے یو آئی ف کا استقبال کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں مجموعی ملکی صورتحال اور عام انتخابات کے انعقاد اور تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں راہنماؤں نے سیاسی تعاون اور اشتراک عمل پر بھی مشاورت کی، قائد ن لیگ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو ن لیگ اور ایم کیوایم دونوں جماعتوں میں طے پانے والے انتخابی معاہدے پر اعتماد میں لیا، ملاقات میں سینئیر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، سینیٹر اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔