ہر قسم کی کوشش ہورہی ہے ہمیں بلے کا نشان نہ ملے، چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہر قسم کی کوشش کی جارہی ہے بیلٹ پیپر پر بلے کا نشان نہ ہو، ہم نے آئین اور قانون کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کرائے ہیں، بلے کا نشان ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی بننے کے بعد پارٹی کے بانی چئیرمین سے دوسری ملاقات ہے‘۔
اس موقع پر جب صحافی نے ان سے کہا کہ ’آپ کے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازعہ الیکشن کہا جارہا ہے، اس پر کیا کہیں گے؟‘ بیرسٹر گوہر خان نے جواب دیا کہ ’ہم نے مکمل آئین و قانون کے تحت صاف و شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کروائے ہیں، اس کے باوجود ہر قسم کی کوشش کی جارہی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو بلے کا نشان نہ ملے لیکن مجھے یقین ہے بیلٹ ہوگا تو بلا بھی ہوگا‘۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی ہے، اس حوالے سے اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کی، جس میں کہا گیا ہے کہ شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک انتخابی نشان بلے کی اجازت نہ دی جائے، الیکشن کمیشن نئے انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے، الیکشن کمیشن غیرجانبدار فریق مقرر کرے جو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اپنی نگرانی میں کرائے۔