سپریم کورٹ میں بھٹو صدارتی ریفرنس کی سماعت جنوری تک ملتوی
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم ذوالفقار بھٹو کے قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے نو رکنی لارجر بینچ نےسماعت کی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بینچ میں جسٹس سردار طارق ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔
جسٹس امین الدین خان ، جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر بھی لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔ جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی بھی صدارتی ریفرنس کی سماعت کے لارجر بینچ میں شامل ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپریل 2011 میں صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا تھا۔سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اور فاروق ایچ نائیک روسٹرم پرآئے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہم یہ کارروائی براہ راست نشر کر رہے ہیں۔آپ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور یوٹیوب پر کیس براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔آپ کی درخواست سے پہلے ہی ہم نے انتظام کر لیا تھا، فاروق ایچ نائیک کی جانب سے کاروائی براہ راست نشر کرنے پر تشکر کا اظہار کیا گیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ شکریہ کی بات نہیں یہ اہم سماعت ہے۔ ہم صدارتی ریفرنس شروع کر رہے ہیں۔