الیکشن ملتوی کرنے کی خواہش ہے نہ ہی ایسا کوئی ارادہ ہے، وزیراعظم
اسلام آباد : نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نہ ہماری الیکشن ملتوی کرنے کی خواہش ہے اور نہ ایسا کوئی ارادہ ہے، عوام کا لاڈلہ بننا چاہیے، کسی اور جگہ کے لاڈ پیار کی عمر بہت تھوڑی ہوتی ہے۔ جی این این ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو الیکشن سے الگ رکھنا شفافیت پر سوالیہ نشان ہوگا، تاہم میرے پاس اس وقت کوئی ثبوت نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے لوگوں پر کوئی پریشر ہے، دراصل سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں اسی لیے مائنس ون کی باتیں ہوتی ہیں، جب پارٹیوں میں جمہوریت آئے گی تو مائنس ون ختم ہوجائے گا، اس وقت جماعت اسلامی واحد جمہوری پارٹی ہے ان کا پارٹی اسٹرکچر ہے اور تنظیم بھی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے شکوک و شبہات تو دوسروں کے ذہنوں میں آ رہے ہیں لہٰذا اس کی وضاحت اور اس کی نمائندگی بھی دوسرے افراد کریں گے، تاہم سیکیورٹی صورتحال کو سیاسی طور پر استعمال کرنا نا مناسب ہے، عوام کا لاڈلہ بننا چاہیئے کیوں کہ کسی اور جگہ کے لاڈ پیار کی عمر بہت تھوڑی ہوتی ہے، کہیں تعمیری، کہیں مثبت اور کہیں تنقید برائے تنقید ہوتی ہے لیکن تنقید تو بہرحال ہوگی۔