پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا۔آرمی چیف
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکا دورہ امریکہ جاری ہے۔آرمی چیف نے ممتاز امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ امریکا میں سیاسی ، عسکری قیادت سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بات چیت مثبت رہی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ممتاز امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ساتھ خصوصی ملاقات میں کہا کہ پاکستان بلاک پالٹیکس پر یقین نہیں رکھتا۔
تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتے ہیں۔پاکستان امریکا کے ساتھ طویل المدتی دو طرفہ تعلقات چاہتا ہے۔پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط روابط وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام اور عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کئی دہائیوں سے بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف ایک مددگار کے طور پر کھڑا ہے۔
اس نے دہشت گردی کے خلاف اپنی پائیدار جنگ میں بے مثال خدمات اور قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کے عوام کی امنگوں کے مطابق منطقی انجام تک لڑتا رہے گا۔قبل ازیں امریکا میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے دور افتادہ علاقوں سے آئے پاکستانیوں نے ملاقات کی، اس حوالے سے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے نے کیمونٹی ڈنر کا اہتمام کیا۔ آرمی چیف سے ملاقات کرنے والوں میں نمایاں حیثیت کے حامل سرمایہ کار، ڈاکٹرز، آئی ٹی پروفیشنلز، انجینئرز، ماہرین تعلیم، مالیاتی امور کے ماہرین اور معیشت دان شامل تھے۔