پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس دائر کرنے کا اعلان
پشاور : پاکستان تحریک انصاف نے اپنے انتخابی امیدواروں کے لیے پیدا ہونے والے مسائل پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء بابر اعوان پشاور ہائی کورٹ پہنچے جہاں الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا جائے گا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن میں جو بھی رکاوٹ ڈالے گا ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی اور پنجاب میں پری پول دھاندلی ہورہی ہے جہاں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے، ہماری خواتین کے آنچل کھینچے گئے، رکاوٹیں ڈالنے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست بھی دے رہے ہیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا تھا اور بلا ہی رہے گا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رہے ہیں، آج ہی فیصلہ چیلنج کرنے جارہے ہیں، بلے کے نشان سے دو قسم کے لوگ خوفزدہ ہیں جنہوں نے اس ملک سے غداری کی اور دوسرے وہ جنہوں نے ملک کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔