خواجہ آصف کی سب کو ساتھ مل بیٹھنے کی تجویز
سیالکوٹ: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بار پھر سب کو مل بیٹھنے کی تجویز پیش کردی۔
خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیاسی افرا تفری بڑھنے سے ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، میری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے البتہ ہم ایک دوسرے کے سیاسی مخالف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی سیاسی افرا تفری سے ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، وقت آگیا ہے کہ سب مل کر بیٹھیں اور زخموں کو بھرنے کیلیے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں دو تہائی اکثریت کی بات نہیں کررہا البتہ عام انتخابات میں ن لیگ قومی اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ خواجہ آصف نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ انتخابات کے بعد ایسی حکومت بنے جس میں قومی اتفاق رائے ہو تاکہ زخموں پر مرہم رکھا جاسکے۔