توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد

توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد

اسلام آباد : توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی جہاں الیکشن کمیشن کے ممبران نے کیس کی سماعت کی، اس دوران کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کردی اور فرد جرم پڑھ کر سنائی جس پر عمران خان اور فواد چوہدری نے صحت جرم سے انکار کیا جب کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن ممبران پر جانبداری کا الزام عائد کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ ای سی پی کے کمیشن نے سابق وزیراعظم اور سابق وفاقی وزیر کو کیس کی نقول فراہم کردیں اور گواہان کو 16 جنوری کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کرلیا، جس کے بعد توہین الیکشن کمیشن کیس کی مزید سماعت 16جنوری تک ملتوی کردی گئی اور الیکشن کمیشن ممبران اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
دوسری طرف سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس کا جیل ٹرائل ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا، اس حوالے سے فواد چوہدری نے فیصل چوہدری ایڈوکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل رکھ کر اختیارات کا غلط استعمال کیا جارہا ہے، جیل ٹرائل سے درخواست گزار کے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہورہے ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے