ن لیگ کی طرف سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مکمل مطالبہ منظور نہ ہونے پر ق لیگ نے ڈیمانڈ کم کر دی
اسلام آباد:مسلم لیگ ن اور ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر مشاورت جاری ہے۔ ق لیگ کے رہنماؤں کی مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی رہائش گاہ بھی آمد ہوئی۔ ق لیگ کے وفد میں طارق جمشید چیمہ اور چوہدری سالک شامل ہیں۔
ق لیگی وفد اور شہباز شریف سے آئندہ انتخابات اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ن لیگ کی طرف سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مکمل مطالبہ منظور نہ ہونے پر ق لیگ نے ڈیمانڈ کم کر دی، ق لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی کی 2 نشستوں اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا تازہ مطالبہ کیا گیا۔
اس سے پہلے مسلم لیگ ق نے قومی اسمبلی کی 4 اور صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کیا تھا ۔
سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر حتمی فیصلہ قائد ن لیگ نوازشریف کی جانب سے کیا جائے گا۔ادھر ن لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان کراچی میں این اے 242 پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ طے پا گئی، ایم کیو ایم کراچی میں شہباز شریف کی حمایت کرے گی جبکہ اندرون سندھ میں جے ڈی اے ن لیگ کو 10 قومی اسمبلی کی سیٹوں پر سپورٹ کرے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق کا کہناہے کہ ایم کیو ایم وزارت عظمیٰ کیلئے نواز شریف کو سپورٹ کرے گی۔