گندم کی نئی فصل سے پہلے ایکسپورٹ پالیسی کے اعلان کا مطالبہ
لاہور(این این آئی)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب )کے چیئرمین حبیب الرحمن خان لغاری ، گروپ لیڈر عاصم رضا احمد وسابق چیئرمین میاں ریاض احمد اور افتخار احمد نے کہا کہ گندم کی نئی فصل آنے سے پہلے حکومت ایکسپورٹ پالیسی کا اعلان کرے ، حکومت 30 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کرے جبکہ باقی ماندہ گندم پرائیویٹ سیکٹر کو خریدنے کی اجازت دی جائے ،تاکہ حکومت اپنی پالیسی کے مطابق سبسڈی دینے سے بچ سکے ۔ حکومت گندم کی خریداری پر فلور ملز مالکان کو خصوصی پیکیج دے اور گندم کی خریداری پر مارک اپ 7 فیصد پر لایا جائے تاکہ فلور ملز مالکان گندم کی خریداری میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہی۔ حبیب الرحمن اور عاصم رضا نے کہا کہ حکومت کے پاس اس وقت 15 لاکھ ٹن گندم موجود ہے لہذا مزید 30لاکھ ٹن گندم کی خریداری کرنی چاہیے تاکہ پرائیویٹ سیکٹر کو خریداری کا موقع مل سکے اگر ایسا نہ کیا گیا تو گندم کی فصل کا حال بھی آلو کی فصل کی طرح ہو گا۔