فواد چوہدری کا الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری الیکشن کمیشن سے دلبرداشتہ ،عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ان حالات میں سمجھتا ہوںکہ الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے۔ایسے انتخابات سے بننے والی حکومت نہ صرف اخلاقی بلکہ قانونی مینڈیٹ سے بھی محروم ہوگی۔
اور وہ ملکی مسائل سے نبردآزما ہونے کیلئے قطعی صلاحیت نہیں رکھتی ہوگی۔ ایسے حالات میں اور میرا پورا گروپ انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہوگیا ہے ۔
میں خود تمام سختیاں برداشت کرنے کیلئے تیار ہوں ۔اپنے ووٹرز ،دوستوں اور خاندان کو مزید مصیبت میں مبتلا کرنا مناسب نہیں ۔
الیکشن کمیشن کے نام لکھے گئے خط میں فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے استعفے کا مطالبہ کرنا وقت کا ضیاع ہے۔ کوئی بھی ذی شعور شخص یہ سوچ سکتا ہے کہ ان حالات میں انتخابات کیسے ہونگے۔ واضح رہے کہ الیکشن ٹریبونل نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل کو خارج کردیا تھا۔ فیصلہ الیکشن ٹربیونل کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سنایاتھا، سابق وزیر فواد چوہدری کو سخت سیکیورٹی حصار میں ٹربیونل میں پیش کیا گیا تھا، عدالت میں طلبی کے بعد فواد چوہدری کی الیکشن ٹربیونل میں حاضری لگوائی گئی تھی ۔