چوہدری پرویزالہٰی کی اہلیہ نے نئے انکشافات کردیئے
گجرات: پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویزالہٰی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے نئے انکشافات کردیئے۔ اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پہلے کہا ’پرویز الٰہی سے کہیں میں ریٹائر ہوگیا ہوں وہ بھی ریٹائر ہوجائے‘ اور جب میں نے انکار کیا تو پھر دوبارہ ان کا فون آیا اور کہنے لگے کہ ’اگر پرویزالٰہی عمران خان کو چھوڑ دیں تو کل باہر آجائیں اور مونس بھی واپس آجائے‘ لیکن پرویز الٰہی نے کہا تحریک انصاف نہیں چھوڑوں گا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 64 سے پی ٹی آئی امیدوار نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کا بیٹا جب عورت کارڈ کی بات کرتا ہے تو بہت تکلیف ہوتی ہے اور غصہ بھی آتا ہے، انہوں نے مونس الٰہی کے کمرے کا تالا توڑا، شافع حسین کو تو ویسے بھی تالے توڑنے کا بڑا شوق ہے، پتا نہیں انہوں نے کیا پڑھا ہے اور کیا سیکھا ہے اور کیا ان کی تربیت ہے، کیا یہ مردانگی ہے؟ میں نے سوچ رکھا تھا کہ ان کے بارے میں بات نہ کروں لیکن یہ جھوٹ بولتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین سے بات کروں تو وہ کہتے ہیں اچھا بات کرتا ہوں لیکن ہوتا کچھ بھی نہیں، چوہدری پرویز الٰہی بہت اپ سیٹ ہیں اور کہتے ہیں شجاعت گھر کے کیس والی حرکت نہیں کرسکتے، ان کے بچوں نے خود ہی دستخط کرکے مجھ پر کیس کیا ہوگا، اس سب کے باوجود چوہدری پرویزالٰہی واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ وہ تحریک انصاف نہیں چھوڑیں گے۔
قیصرہ الہی نے کہا کہ دونوں خاندانوں نے تحریری طور پر طے کیا گھر میں کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہوگی، میرے بھائی چوہدری شجاعت اور ان کے دونوں بیٹوں نے اتفاق کیا لیکن پھر خلاف ورزی کی، میں تو چاہتی ہی نہیں تھی ان دونوں لڑکوں کے بارے میں بات کرتی لیکن اب حد ہوگئی، ہر بزدل انسان ظالم ہوتا ہے اور یہ اپنی بزدلی دکھا رہے ہیں، بہت کوشش کی گئی کہ میرے کاغذات بھی مسترد ہوجائیں، کیا اس طرح الیکشن ہوتے ہیں؟ میرا تو دل کیا اپنا سامان اٹھا کر واپس چلی جاؤں۔