تبدیلی نے ملک کو مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا ، نواز شریف
بورے والا: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تبدیلی نے ملک کو مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، مجھے نہ ہٹایا جاتا تو آج کوئی نوجوان بےروزگار نہ ہوتا۔ ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ہر گھر خوشحال ہوتا۔ بورے والا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام دیکھیں جب میں وزیراعظم تھا وہ وقت دیکھو اور یہ وقت دیکھو اس میں کتنا فرق آگیا؟ کیا عوام کو میرا دور یاد نہیں آتا؟ پانچ ججوں نے سازش کے ذریعے میری عوامی حکومت کو ختم کیا جب کچھ نہ ملا تو محض بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر حکومت ختم کردی گئی اور جیل میں ڈالا گیا۔
ن لیگ کی حکومت آئی توممکن ہے بورےوالامیں بہترین ایئرپورٹ بنائیں۔
وعدہ کرتا ہوں (ن) لیگ آئے گی اورمہنگائی مٹائے گی۔ یاد کرو جب میں وزیراعظم تھا اور آج کا وقت دیکھو۔ اپنی ذات نہیں عوام کیلئے موٹرویز بنائیں۔ عوام کی مدد سے پھر واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا کیا حال کردیا ملک میں نہ بجلی ہے اورنہ ہی گیس ہے۔ اس وقت بجلی کا بل 500روپے آتا تھاآج 20ہزارآتا ہے۔
چینی،روٹی اورگیس کی قیمت واپس لائیں گے۔ ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کرکے بجلی سستی کردی تھی۔ انہوں نے کہاکہ میرے دور میں ٹریکٹر9 لاکھ روپے کا تھا آج 80 لاکھ روپے کا ہے جو افسوسناک ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پرکلہاڑاماراہے، اگرحکومت ختم نہ کی جاتی توہرگھرخوشحال ہوتا، میں مذاق نہیں کررہا وہ بات کررہا ہوں جوکرنی چاہئے، آج تو پاکستان سے بے روزگاری ختم ہوجانی چاہئے تھی ۔