آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات
راولپنڈی : پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات میں واضح کہا کہ دوسری ریاست کی خودمختاری کا احترام ریاستی تعلقات میں سب سے اہم جزو ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے ایرانی وزیرخارجہ نے ملاقات کی، ملاقات میں آ رمی چیف جنرل عاصم منیر نے دوسری ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور پر دیا، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دوسری ریاست کی خودمختاری کا احترام ریاستی تعلقات میں سب سے اہم جزو ہے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے باہمی تعاون اور بہتر کوآرڈی نیشن سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے بذریعہ انٹیلی جنس شیئرنگ نمٹنے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سلامتی کے خدشات دور کرنے کیلئے پائیدار ، دستیاب مواصلاتی ذرائع استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ فریقین نے مشترکہ خطرات کے خلاف رابطہ کاری اور ردعمل بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔