نتائج تبدیل نہیں کیے جارہے آزاد امیدواروں کا جیتنا ثبوت ہے کہ الیکشن شفاف ہوئے، نگراں حکومت
اسلام آباد: نگراں وزرائے داخلہ اور اطلاعات نے کہا ہے کہ نتائج تبدیل نہیں کیے جارہے آزاد امیدواروں کا جیتنا اس بات کا ثبوت ہے کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں۔
یہ بات نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز اور وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری جانوں کی حفاظت کرنا ہے، دہشت گردی کے واقعات میں الیکشن سے قبل 28 افراد جاں بحق ہوئے، حملوں میں ٹائم ڈیوائسز کا استعمال کیا گیا، دونوں حملے خودکش نہیں تھے دونوں حملے ڈیٹونیٹر سے کیے گئے، جنہوں ںے شہادتیں پیش کیں انہیں سلام پیش کرتا ہوں اسی طرح الیکشن والے بھی شہادتیں ہوئی۔
انہوں ںے کہا کہ عام انتخابات کا انعقاد ایک بڑا امتحان تھا، کئی جگہ دستی بموں سے عوام پر حملے ہوئے جس کا افواج پاکستان نے سامنا کیا۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ جو قوم کی مرضی ہے وہ ہوگا، جسے قوم نے ووٹ دیا ہے وہی سامنے آئے گا، ہم سنتے تھے کے پی کے میں کسی ایک مخصوص جماعت کو عوام ووٹ دینا چاہتی ہے تو ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسی جماعت کے آزاد امیدواروں کو ووٹ ملا یہ شفافیت ہے، ہمارا کام تھا سیکیورٹی، افواج کا کام تھا عوام کو ایک سیکیور الیکشن دینا، کامیاب الیکشن کے انعقاد پر قوم کو مبارک باد ہے کیوں کہ اتنے چیلنجز کے باوجود بہترین اور سیف الیکشن ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل 28 جانیں گئی، کئی پولنگ اسٹیشن پر حملے ہوئے، موبائل اور انٹرنیٹ کی بندش کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا، شہریوں کا تحفظ ہمارے لیے سب سے اہم تھا ایسے فیصلے دوبارہ بھی کرنے پڑے تو کریں گے۔
نتائج کی تبدیلی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ رات کے اور صبح کے نتائج میں کوئی خاص فرق نہیں آیا جو نتیجہ رات میں تھا وہی فجر کے وقت تھا، ہماری اور افواج پاکستان کی ذمہ داری سیف الیکشن کرانا تھی وہ ہم نے پوری کردی، پولنگ اسٹیشن ڈھونڈنے میں لوگوں کو تکلیف ہوئی یقیناً ہوئی مگر یہ بات بھی اہم ہے کہ کسی ماں کا لعل مارا نہیں گیا، وسوسے نہ پھیلائیں ہمارے مل کو وسوسے پھیلانے والوں سے دور ہونا پڑے گا، وسوسے پھیلانے والے لوگ ہماری قوم کو تقسیم کررہے ہیں۔