پاکستان میں انتخابات میں دھاندلی کے دعوؤں پر مکمل تحقیقات چاہتے ہیں، امریکہ
واشنگٹن: امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابات میں دھاندلی کے دعوؤں پر مکمل تحقیقات چاہتے ہیں، انتخابی عمل میں بعض بے قاعدگیوں کے بارے میں ہم نے پاکستانی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ لوگوں کی رائے کا احترام کیا جائے، اس کا جائزہ لیتے رہیں گے اور اس حکومت کے ساتھ کام کریں گے جس کو پاکستان کے عوام نے منتخب کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملرنے ہفتہ وارپریس بریفنگ میں کہا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی عوام کو انتخابات میں حصہ لینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ان میں انتخابی کارکن، سول سوسائٹی کے ارکان، صحافی اور انتخابی مبصرین شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے جمہوری اور انتخابی اداروں کا تحفظ کیا، ہم نے عوامی طور پر اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا، ہم نے نجی طور پر بھی ان خدشات کا اظہار کیا اور ایسا کرنے میں یورپی یونین، برطانیہ اور دیگر ممالک کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے بارے میں پاکستان مین اب بھی بات چیت چل رہی ہے لیکن ایک بات جو ہم نے انتخابات سے قبل کہی اور ہم یہ واضح کرتے رہیں گے کہ پاکستانی عوام جس کو بھی ان کی نمائندگی کرنے کا انتخاب کریں گے ہم اس حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور جہاں تک دھوکہ دہی کے دعووں کا تعلق ہے، ہم ان کی مکمل تحقیقات دیکھنا چاہتے ہیں۔