عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر کی آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی جس کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہمارے وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار عمر ایوب ہوں گے۔تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ کام کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔
ہم چاہتے ہیں آپس میں مل کر لائحہ عمل بنائیں۔بچہ بچہ جانتا ہے کہ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بدترین الیکش ہوا ہے۔ قبل ازیں عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزیر اعلی خیبرپختونخواہ نامزد کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے لئے ڈاکٹر امجد علی، مشتاق غنی اور علی امین گنڈا پور موسٹ فیورٹ ترین امیدوار قرار دیئے گئے تھے۔
تاہم پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مطلوبہ اکثریت حاصل کرکے صوبے میں مسلسل تیسری بار اپنی حکومت بنانے کے لیے پارٹی کے صوبائی صدر علی امین گنڈا پور کے وزیر اعلی بننے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا کیوں کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی سے وابستہ آزاد امیدواروں نے صوبے کے کئی اضلاع میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں حاصل کی ہیں، وہ چترال، ایبٹ آباد، سوات، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، مہمند، خیبر، مردان اور بنوں کی تمام نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئے۔