تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے تیاریاں شروع کر دیں
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے تیاریاں شروع کر دیں۔میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اگلے پندرہ دن کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کروائے گی۔ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے شیڈول تیار کر لیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن ہوں گے۔ چاروں صوبوں اور وفاق میں بیک وقت انتخابات منعقد ہوں گے۔
بانی چئیرمین عمران خان کے پینل سے بیرسٹر گوہر کو چئیرمین نامزد کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کا اس سے قبل بھی شیڈول جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات 5 فروری کو منعقد کروائے جانے تھے۔ تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رف حسن نے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کیا۔
پی ٹی آئی کے تمام رجسٹرڈ ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں، بتایا گیا تھا کہ پارٹی ممبران اپنا ووٹ رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔
انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہو گی۔ الیکشن کے تفصیلی طریقے کار کی وضاحت الیکشن رولز، 2020 میں موجود ہے، جو ویب سائٹ اور رابطہ ایپ پر دستیاب ہے، پولنگ کا وقت 5 فروری بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گا۔الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹربیونل کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے۔