وزیر اعلیٰ پنجاب کا صوبہ بھر میں گلیوں کی مرمت کے منصوبے کا اعلان
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں گلیوں کی مرمت کے منصوبے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سے ضلع شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر مریم نواز شریف نے شہروں اور دیہات کے محلوں کی چھوٹی سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کے لیے فوری پلان طلب کرلیا، ان کا کہنا ہے کہ ہر حلقے کو ترقیاتی پراجیکٹ کے لحاظ سے ماڈل حلقہ بنانا چاہتے ہیں، عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہونے چاہئیں۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں مسلم لیگ ن کے رہنماء پرویز رشید، ارکان صوبائی اسمبلی مریم اورنگ زیب، عظمیٰ بخاری، بلال کیانی اور ثانیہ عاشق نے شرکت کی، اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے لئے پلان طلب کر لیا، انہوں نے ارکان پنجاب اسمبلی کو پروجیکٹ کے لیے تحریری ڈیمانڈ دینے کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت دربار ہال سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو محکموں کے افعال کار کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئی، چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، چیرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری خزانہ نے مریم نواز شریف کو بریف کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈینگی اور پولیو سے بچاؤ پر توجہ دی جائے، عوام کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہونی چاہیئے، مالیاتی امور میں شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، صحت اور دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں، خدمت کے جذبے سے سر شار اور دیانتدار افسروں کو سیلوٹ کرتی ہوں، میرٹ کی خلاف ورزی نہ کروں گی نہ ہونے دوں گی، کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہوگی، عوام کے مسائل کا فوری حل چاہیئے، سٹرکچرل ریفارم کرنا ہوں گی، مسائل کی جڑ تک پہنچ کر انہیں ختم کریں گے۔