پی ٹی آئی کو نہ ملنے والی مخصوص نشستوں کی دیگر پارٹیوں میں تقسیم شروع
اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کو نہ ملنے والی مخصوص نشستیں دیگر پارٹیوں میں تقسیم کرنا شروع کردیں، 7 مارچ کو 5 ارکان اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی ایک اقلیتی نشست اور خواتین کی مزید 2 مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مخصوص نشستیں الاٹ کردی گئیں، خواتین کی مخصوص نشستیں پیپلز پارٹی کی سمیتا افضال اور ایم کیو ایم کی فوزیہ حمید کو دی گئی ہیں، پیپلزپارٹی کے سریندر ولاسائی کو اقلیتی نشست الاٹ کی گئی ہے، مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 116 اور ایم کیوایم کی نشستوں کی تعداد 37 ہوگئی جب کہ اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے 9، جی ڈی اے کے 3 اور جماعت اسلامی کا ایک رکن موجود ہے۔
بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت پیپلز پارٹی کو 2 اور مسلم لیگ ن کو ایک نشست مل گئی، ثمینہ خالد گھرکی، نتاشہ دولتانہ اور تمکین نیازی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں، اسی طرح قومی اسمبلی سے اقلیتوں کی ایک ایک مخصوص نشست مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یوآئی ف کو دے دی گئی، ان نشستوں پر نیلم ، جیمز اقبال اور رمیشن کمار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔