’مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں‘ صدر کا سیاسی جماعتوں کو مشورہ
اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش کروں گا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے مل کر کام کریں یوم پاکستان پر پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے قومی اہمیت کا حامل ہے، آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا، قائد اعظم کی قیادت میں 7 سال بعد ایک آزاد اور خودمختار ریاست قائم کی، پاکستانی قوم قیام پاکستان سے اب تک مختلف نشیب و فراز سے گزری ہے لیکن آج ہم دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک ہیں، ہم نے بہت مشکلات کے باوجود دفاعی، صنعتی، ٹیکنالوجی و دیگر شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں، دنیا امن اور دہشتگردی کے خلاف ہمارے کردار اور قربانیوں کو مانتی ہے، عہد کرتے ہیں پاکستان کی ترقی، سلامتی اور امن کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ملک کی ترقی اورمستقبل کے امین ہیں، پاکستان کے عوام محنتی اور ذہنی طور پر بہترین ہے، اس وقت پاکستان کو مختلف معاشی، سماجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، بڑھتی آبادی، بیروزگاری اور غربت بڑے چیلنجز ہیں، خوشی ہے پاکستان میں انتخابی عمل کے بعد جمہوری حکومت قائم ہو چکی ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے تمام مشکلات کو مل کر حل کریں، ماضی میں بھی مشکلات کا مقابلہ کیا، اسی طرح آج بھی پاکستان کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مشکل وقت میں ساتھ دینے کیلئے چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ایس آئی ایف سی عمل میں لائی جا چکی ہے، انسانی وسائل کی ترقی، ہنرمندی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، توانائی، گڈگورننس پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، قوم مایوس نہ ہو ہم پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط و خود کفیل بنانے کیلئے پرعزم ہیں، ہمیں قومی اتفاق رائے کے ساتھ مؤثر حکمت عملی، دانشمندانہ انتظام، صوبوں اور وفاق کے مابین بہتر روابط کی اشد ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ غزہ میں جاری تشدد اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش ہے، بین الاقوامی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کرائے اور اسرائیل کو ظالمانہ اقدامات سے روکے، کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، اقوام متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے، ہم بھارت کے تمام غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، آرٹیکل 370 کی منسوخی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی منافی اور کشمیریوں سے ان کی شناخت چھیننے کی کوشش ہے، غیر قانونی بھارتی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام 77 سال سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ بھارتی توسیع پسندانہ عزائم اورجموں وکشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے.