خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی
پشاور : صوبہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیئے گئے، الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخواہ میں سیینٹ انتخابات تاحکم ثانی ملتوی کیے گئے ہیں، مخصوص نشستوں پر ممبران کے حلف نہ لینے کی وجہ سے صوبے میں سینیٹ الیکشن روکے گئے اور الیکشن کمیشن کا عملہ سامان سمیٹ کر اسمبلی سے واپس روانہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرائی، سینیٹ الیکشن میں پولنگ کا وقت شروع ہونے سے قبل ریٹرننگ آفیسر سمیت الیکشن کمیشن کا دیگر عملہ خیبرپختونخوا اسمبلی ہال پہنچا لیکن پولنگ کا وقت شروع ہونے کے باوجود ووٹنگ شروع نہ ہوئی، تاہم خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن ممبران نے سینیٹ انتخابات کے لئے ووٹنگ نہ ہونے پر ریٹرننگ آفیسر کے پاس درخواست جمع کروائی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف نہیں لیا گیا، سپیکر نے ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا اس لیے الیکشن ملتوی کیا جائے۔