وزیراعلیٰ پنجاب کا چلڈرن ہسپتال لاہور میں نیا آئی سی یو یونٹ بنانے کا اعلان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں نیا آئی سی یو یونٹ بنانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چلڈرن ہسپتال لاہور کا دورہ کیا، انہوں نے ہسپتال میں کڈز ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا اور چلڈرن ہسپتال میں نیا آئی سی یو یونٹ بنا نے کا بھی اعلان کیا، وزیراعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال آئی سی یو کے فنڈڑ کے اجراء اور جلد تکمیل کی ہدایت کی، ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر چلڈرن ہسپتال بنانے اور چلڈرن ہسپتال لاہور سے لنک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا، صوبائی وزرا کو روزانہ ہسپتال کا وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈے کئیر سنٹر کا دورہ کیا اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا، مریم نواز نے بچوں کو پیار کیا اور پھول پیش کیے، وزیر اعلیٰ کی جانب سے ڈے کیئر سینٹر کے سٹاف کو بچوں کا بہت خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی، انہوں نے سٹاف کے ساتھ تصویر بھی بنوائی، مریم نواز نے چلڈرن اینڈوکرنالوجی وارڈ کا بھی دورہ کیا، نومولود بچوں کے وارڈ کا دورہ کیا اور وہاں موجود والدین سے بات چیت کی، وزیر اعلیٰ نے ننھے بچوں کو پیار کیا اور جلد صحت یابی کی دعائیں دیں، مریم نواز نے مریض بچوں کے والدین سے ملاقات کی اور ایم ایس کو ان کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا، انہوں نے بچوں کے والدین سے طبی سہولتوں اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں استفسار کیا، ڈاکٹر اور نرسوں سے بات چیت میں ان کی تجاویز سنیں، اس دوران مریم نواز کو بریفننگ دی گئی کہ نئےکالج بلاک میں میڈیکل سٹوڈنٹس کو چلڈرن ہیلتھ سے متعلق تعلیم اور ریسرچ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت پرعزم ہے، دور دراز علاقے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹر کی کمی پوری کی جائے، ایک ایک پیسہ قوم کی امانت ہے، صحت کی سہولتوں پر خرچ کریں گے، ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کیلئے بہترین ہسپتال بناناچاہتے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ مریم نواز نے اسلامک ایڈ یو کے اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسزکے درمیان کالج بلاک کے قیام کے لیے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی، صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، وی سی ڈاکٹر مسعود صادق اور چیرمین اسلامک ایڈ محمودالحسن نے ایم او یو پر دستخط کیے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسلامک ایڈ یو کے کا اشتراک پر شکریہ ادا کیا۔