بھارتی پنجاب میں پیٹرول اور ڈیزل پر پراٹھے بنانے والا ڈھابہ
چندی گڑھ: پاکستانی پنجاب ہو یا مشرقی پنجاب، پراٹھا دونوں طرف یکساں مقبول ہے۔ پنجاب میں کئی اقسام کے پراٹھے بنائے اور کھائے جاتے ہیں تاہم آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ مشرقی پنجاب کے دارالحکومت چندی گڑھ میں ایک ڈھابہ ایسا بھی ہے جو پیٹرول اور ڈیزل پراٹھے بھی بناتا ہے۔
"انڈیا ٹائمز "کے مطابق ایکس ہینڈل @nebula_worldپر اس ڈھابے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے، جس میں پیٹرول اور ڈیزل پراٹھے بنتے دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو میں آدمی دعویٰ کرتا ہے کہ اس پیٹرول ڈیزل پراٹھے کا ذائقہ کچوری جیسا ہے۔
ویڈیو میں ڈھابے کا باورچی فخریہ انداز میں بتاتا ہے کہ وہ سچ مچ پراٹھا بنانے میں پٹرول اور ڈیزل کا استعمال کرتا ہے۔ وہ ایک کین سے فیول توے پر انڈیلتا ہے اور ویڈیو بنانے والا بار بار اس سے پوچھتا ہے کہ کیا یہ واقعی پیٹرول ہے؟ جس پر باورچی کہتا ہے کہ بالکل یہ پیٹرول ہی ہے۔
ویڈیو میں باورچی پراٹھے کو پیٹرول میں اس قدر پکاتا ہے کہ اس کا رنگ سیاہ اور بھورا ہو جاتا ہے۔ جسے وہ پلیٹ میں ڈال کر ویڈیو بنانے والے شہری کی طرف بڑھا دیتا ہے اور اس کا ذائقہ چکھنے کو کہتا ہے۔ 12مئی کو پوسٹ کی گئی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے اب تک 5لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ کمنٹس میں اکثر لوگوں کا کہنا ہے کہ ”اگر یہ سچ ہے تو یہ پراٹھا بنانے کی ترکیب نہیں بلکہ کینسر کی ترکیب ہے اور اس پراٹھے کا نام ’کینسر پراٹھا‘ ہونا چاہیے۔“