مینارپاکستان بدسلوکی کیس، ٹک ٹاکرعائشہ کا ملزمان کو معاف کرنے کا اعلان
لاہور: مینار پاکستان پر ٹک ٹاکر خاتون سے بدسلوکی کے مقدمے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج گل عباس نے مینار پاکستان پر ٹک ٹاکر خاتون سے بدسلوکی کے کیس پر سماعت کی، متاثرہ خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے مقدمے کی پیروی نہ کرنے کا بیان قلمبند کراتے ہوئے بیانِ حلفی عدالت میں پیش کر دیا۔
ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے اللہ اور اس کے رسول کی رضا کی خاطر تمام ملزمان کو معاف کر دیا ہے، مجھے ملزمان کے بری ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، میں آزادانہ رضامندی اور بغیر کسی خوف کے اپنا بیان عدالت میں قلمبند کرا رہی ہوں۔متاثرہ خاتون کے بیان کے بعد مقدمہ میں نامزد ملزم عامر سہیل عرف ریمبو سمیت دیگر 12ملزمان نے بریت کی درخواستیں دائر کر دیں۔عدالت نے وکلا کو ملزمان کی بریت کی درخواستوں اور مدعیہ کے بیان پر دلائل کے لئے 26اگست کو طلب کر لیا۔