آننت امبانی کی شادی پر پاکستانی ڈیزائنر کے ملبوسات کی دھوم
ممبئی:بھارتی ارب پتی بزنس مین مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کی شادی پر پاکستانی ڈیزائنر کے ملبوسات بھی توجہ کا مرکز رہے۔
مہینوں چلنے والی آننت امبانی کی شادی بالآخر اختتام پذیر ہوگئی، اس شادی میں نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ہالی ووڈ کے ستاروں کے ساتھ ساتھ سپورٹس سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیت نے بھی شرکت کی۔
فلمی دنیا کے ستارے ایک سے بڑھ کر ایک ملبوسات میں نظر آئے جن کی آننت کی شادی کیلئے تیاری دیدنی رہی۔
ایسے میں جہاں بھارتی ڈیزائنر کے کپڑوں کو پہنا گیا وہیں پاکستان کے مشہور ڈیزائنر اقبال حسین، فراز منان اور محسن نوید رانجھا کے تیار کردہ ملبوسات بھی ارب پتی بھارتی تاجر کے بیٹے کی شادی میں نمایاں رہے۔بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سارا علی خان، عالیہ بھٹ، کینیڈین گلوکار اے پی ڈھلن اور بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا نے پاکستانی ڈیزائنر کےکپڑے زیب تن کیے۔بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا نے بھی ہلکے گلابی رنگ کے جوڑے کا انتخاب کیا جسے پاکستانی ڈیزائنر فراز منان نے ڈیزائن کیا۔کالے رنگ کے جوڑے میں عالیہ بھٹ کو خوب پسند کیا گیا جو پاکستانی ڈیزائنر فراز منان کا تیار کردہ تھا۔