فیول ایڈجسٹمنٹ ،نیپرا کو بجلی مزید فی یونٹ 2روپے 11پیسے مہنگی کرنے کی درخواست
اسلام آباد: سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا سے فی یونٹ 2 روپے 11 پیسے اضافے کی درخواست کر دی، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ 2 روپے 11 پیسے کا اضافہ مانگا گیا ہے۔ سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا سماعت کی تاریخ مقرر کرے گا جس کے بعد قیمت بڑھانے یا نہ بڑھانے کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔
سی پی پی اے کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد میں طلب کیا گیا ہے۔ ایف سی اے کی اس درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سماعت کرے گی۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔
اگر جون کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست منظور کی گئی تو صارفین پر سیلز ٹیکس سمیت 30 ارب روپے تک اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں بجلی کی تقسیم کار نجی کمپنی کے الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی مہنگی کرنے درخواستیں جمع کروا ئی تھیں۔کے الیکٹرک نے بجلی 5 روپے 45 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواستیں دائر کیں۔ درخواست مئی اور جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی تھی۔کے الیکٹرک نے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 53 پیسے فی یونٹ اور جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 92 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گی تھی۔