وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 کے معاملے پر غور کا امکان

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 کے معاملے پر غور کا امکان

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا جس میں پاکستان تحریک انصاف پر پابندی اور آرٹیکل 6 کے معاملے پر غور کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں آج منعقد ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ویزہ فری انٹری دینے کی سمری، ایس ای سی پی ایکٹ کے تحت خصوصی عدالتوں کے قیام کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
بتایا گیا ہے کہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان مفاہتمی یاد داششتوں اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے چئیرمین کی تقرری کی منظوری بھی دی جائے گی، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نجکاری کمیشن کے ارکان کی تعداد میں اضافے کی سمری پیش ہوگی، علاوہ ازیں کابینہ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا معاملہ زیرغور لائے جانے کا امکان ہے، اجلاس میں عمران خان، عارف علوی اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی دفتر دوبارہ سیل کردیا گیا ہے، انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کو ایک بار پھر سیل کرنے کا نوٹس جاری کردیا ہے، انتظامیہ نے اس بار آتشزدگی کے انتظامات نہ ہونے کی وجہ پر پی ٹی آئی کا دفتر سیل کیا، اس سلسلے میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی جانب سے تحریک انصاف کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں فائر اینڈ لائف سیفٹی انتظامات نہ ہونے کو جواز قرار دیتے ہوئے نوٹس جاری کیا گیا۔
اس سے پہلے پیر کے روز ایس ایس پی حسن جہانگیر وٹو کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹریٹ پر چھاپہ مار کر دفتر کو گھیرے میں لیا، اس موقع پر خواتین پولیس اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھیں، پولیس پی ٹی آئی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل کے مرکزی دفتر پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد کی بنیاد پر چھاپہ مارا، وہاں قائم پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا مرکز بنا ہوا تھا، پوری دنیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا ملک دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کر یہاں سے کروایا جاتا تھا، اِس جگہ سے پاکستان مخالف اور ملکی سالمیت کے خلاف پروپیگنڈا بھی چلایا جاتا تھا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے