ملک میں انٹرنیٹ کی خرابی اکتوبر کے اوائل تک ٹھیک ہونے کی نوید

ملک میں انٹرنیٹ کی خرابی اکتوبر کے اوائل تک ٹھیک ہونے کی نوید

اسلام آباد : ملک میں انٹرنیٹ کی خرابی اکتوبر کے اوائل تک ٹھیک ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ کی سست روی کی وجہ 2 سب میرین کیبلز میں خرابی کو قرار دیا ہے، پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جاری انٹرنیٹ کی سست روی کی بنیادی وجہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر جوڑنے والی سات بین الاقوامی سب میرین کیبلز میں سے دو کیبلز SMW4 اور AAE1 میں خرابی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ایس ایم ڈبلیو فور سب میرین کیبل میں خرابی اکتوبر 2024ء کے اوائل تک ٹھیک ہونے کا امکان ہے جبکہ سب میرین کیبل اے اے ای ون کی مرمت کر دی گئی ہے اور سب میرین کیبل اے اے ای ون کی مرمت سے انٹرنیٹ کی موجودہ صورتحال میں بہتری آئے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان میں انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا صارفین کو اپنے آن لائن کاموں میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے، ای کامرس سے لے کر برقی رابطوں تک ہر جگہ شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، پاکستان میں انسانی حقوق کی کمیشن نے بھی انٹرنیٹ کی روانی میں مسلسل رکاوٹوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے لوگوں کا معلومات کا حق، اور آزادی اظہار کے ساتھ ساتھ کاروبار کرنے کا حق بھی متاثر ہو رہا ہے، رابطے کا حق کوئی رعایت نہیں بلکہ ایک بنیادی حق ہے اس لئے حکومت کو سستے اور قابل اعتماد انٹرنیٹ تک عوام کی رسائی کو یقینی بنانا چاہیے، انٹرنیٹ میں رکاوٹوں اور اس کی اسپیڈ کی آہستگی کا معاملہ اب اخباری سرخیوں سے نکل کر لاہور ، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کی متعدد عدالتوں میں جا پہنچا ہے اور قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں ڈیجیٹل صارفین کے حقوق کا تحفظ عدالتیں ہی کر سکتی ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے