’’پاک فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے‘‘آرمی چیف نے واضح اعلان کر دیا
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح الفاظ میں اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان آرمی کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہدکاآخری حد تک ساتھ دیں گے۔
جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس دوران مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بھارتی اقدام کو مسترد کرنے کے حکومتی فیصلے کی حمایت کی گئی ۔ آرمی چیف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرپربھارتی تسلط کبھی تسلیم نہیں کرےگا۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان نے کبھی بھی مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 یا 35 اے کو قبول نہیں کیا ، اب بھارت نے خوداس کھوکھلے بہانے کوختم کردیا، پاک افواج کشمیری عوام کےساتھ ہیں، ہرطرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیارہیں، وطن کے دفاع کیلئے ہرحد تک جائیں گے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا شرمناک قبضہ قانونی قرار دینے کی حمایت کبھی نہیں کی۔ آر می چیف کا کہناتھا کہ پاک فوج، حق خودارادیت کے لیے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اس ذمہ داری کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہرحد تک جائیں گے۔’