مریم نواز 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
لاہور: احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز اور نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو احتساب عدالت لاہور میں پیش کردیا۔
نیب نے عدالت سے دونوں افراد کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔ عدالت نے دونوں افراد کا 12 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 21 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
نیب پراسکیوٹر نے بتایا کہ شریف خاندان نے اپنی چوہدری شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کی، مریم نواز چوہدری شوگر ملز کی شیئر ہولڈر ہیں اور یوسف عباس کا اکاؤنٹ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوا۔
مریم نواز کی پیشی کے موقع پر عدالت میں بڑی تعداد میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان موجود تھے جنہیں منتشر کے لیے پولیس نے تشدد بھی کیا۔