انڈین ویلز ماسٹرز:ویمنز سنگل ٹائٹل پر بیانکا آندریسکو کا قبضہ
انڈین ویلز(سپورٹس ڈیسک)امریکی ریاست کیلی فورنیا میں کھیلے گئے انڈین ویلز ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں ویمنز سنگل ٹائٹل پر بیانکا آندریسکو نے اینجلیک کیربر کو زیر کر کے قبضہ جما لیا جبکہ مینز سنگل کی ٹرافی راجر فیڈرر کو مات دے کر ڈومینک تھیئم نے جیت لی۔ویمنز سنگل مقابلوں کے فائنل میں 18 سالہ کینیڈین پلیئر بیانکا آندریسکو نے سابق عالمی نمبر ایک اور نمبر آٹھ سیڈ جرمن حریف اینجلیک کیربر کو دو گھنٹے اور اٹھارہ منٹ کی سخت جدوجہد کے بعد چھ، چار، تین، چھ اور چھ ،چار سے شکست دیکر ٹائٹل پر قبضہ جما لیا۔ اور ٹورنامنٹ کی تاریخ میں اولین پلیئر قرار پائیں جنہوں نے وائلڈ کارڈ انٹری کے بعد ٹرافی جیت لی جو ان کا اولین ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل بھی ہے ۔وہ اپ سیٹ کامیابی کے نتیجے میں انڈین ویلز ماسٹرز کے دوران سرینا ولیمز،کم کلسٹرز اور ناؤمی اوساکا کے بعد ٹرافی جیتنے والی چوتھی ان سیڈ پلیئر بھی بن گئیں اورایونٹ سے قبل 150کی فہرست سے باہر پلیئر کی نئی رینکنگ میں پوزیشن 24 ویں ہو گئی۔ اسی ٹورنامنٹ کے مینز سنگل فائنل میں نمبر سات سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیئم نے بھی زبردست اپ سیٹ کرتے ہوئے نمبر چار سیڈ سوئس حریف راجر فیڈرر کو تین،چھ،چھ،تین اور سات،پانچ سے ہرا کر اولین اے ٹی پی ماسٹرز ایک ہزار ایونٹ جیت لیا۔کلے کورٹ کے بہترین پلیئر کی یہ فیڈرر کیخلاف ہارڈ کورٹ پر پہلی کامیابی بھی تھی۔