پاکستان بھر میں آج بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منایا جارہا ہے
اسلام آباد: بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور نہتے کشمیریوں پر جارحیت کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری عوام آج بھارت کے یوم آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منار رہے ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی اور حکومتی فیصلوں کی روشنی میں آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے۔اس ضمن میں وزارت داخلہ نے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق آج ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا، چاروں صوبائی حکومتیں بھی بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منائیں گی۔
بھارتی جارحیت، مظالم اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر آئینی اقدام کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی جس میں مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائے گا اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور مظالم کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔
پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام کمشنرز اور 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، سرکاری اداروں کے سربراہان کے نام باقاعدہ سرکلر جاری کیا ہے جس میں یہ حکم دیا گیا ہے کہ ریلیوں میں شریک تمام افراد بطور احتجاج بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔
ریلیوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے جائیں گے، سرکلر میں پنجاب بھر میں سرکاری، پرائیویٹ عمارتوں، گھروں، کمرشل پراپرٹیز، پلازوں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرانے کے ساتھ بھارتی ظلم کے خلاف سیاہ پرچم لہرانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پنجاب کے ہرشہر میں بڑی احتجاجی ریلیاں نکالنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔
پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ان تمام ریلیوں کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے بھی یوم سیاہ کی تقریبات کو حتمی شکل دیدی ہے۔