کشمیریوں سے یکجہتی کا دن، 12 بجتے ہی ٹریفک سگنل سرخ، ٹرینیں روک دی جائیں گی

اسلام آباد کراچی ، کوئٹہ ، پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک،ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آج بروز جمعہ مورخہ 30 اگست کو کشمیر آور منایا جائے گا۔دن کے 12 بجتے ہی وفاقی دارالحکومت کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک سگنل سرخ ہو جائیں گے۔ قومی ترانے کیساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔ مرکزی تقریب اسلام آباد کے ڈی چوک میں ہوگی۔مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کشمیر آور کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

دن کے 12 بجتے ہی ملک بھر میں ٹریفک سگنل سرخ ہو جائیں گے۔ ملک بھر میں ٹرینیں بھی روک دی جائیں گی جبکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی موخر کر دیا گیا ہے۔ٹریفک رکتے ہی تمام شاہراہوں پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بھرپور احتجاج کیا جائے گا جبکہ سرکاری ملازمین دفاتر سے نکل کر ڈی چوک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔وزرا اور تحریک انصاف کے قائدین بھی ڈی چوک میں جمع ہوں گے جہاں مرکزی اجتماع ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے تمام پاکستانیوں سے درخواست کی تھی کہ پوری قوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے (آج) دوپہر 12بجے سے ساڑھے 12بجے تک اپنے دفاتر سے باہر نکلیں، مقبوضہ وادی میں پیغام دینا ہے کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستانی قوم بھارت کے فسطائی جبر اور غیر انسانی کرفیو کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کا منصوبہ جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے