ٹرمپ کا یوٹرن، افغانستان سے امریکی فوج کے مکمل انخلاء سے انکار کر دیا
واشنگٹن : ٹرمپ کا یوٹرن، افغانستان سے امریکی فوج کے مکمل انخلاء سے انکار کر دیا، امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہم افغانستان پر مسلسل نظر رکھیں گے، اگر آئندہ افغان سرزمین سے امریکا پر کوئی حملہ کیا گیا تو اس ملک کو تہس نہس کر دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے امریکی فوج کے مکمل انخلاء سے صاف انکار کر دیا ہے۔
جمعرات کے روز جاری بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان پر امریکا کی جانب سے مسلسل نظر رکھی جائے گی۔ افغانستان کو نظرانداز نہیں کیا جائے نہ ہی امریکا کی اس پر سے توجہ ہٹ جائے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دھمکی دی گئی ہے کہ آئندہ اگر امریکہ کیخلاف افغان سرزمین استعمال ہوئی تو پھر افغانستان کو مکمل طور پر تہس نہس کر دیں گے۔
دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا کے مطابق قطر میں امریکا اور افغان طالبان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ معاہدے پر آج دستخط ہونے کا قوی امکان ہے۔ معاہدے کے بعد افغان طالبان اور امریکی افواج مکمل جنگ بندی کے پابند ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکا اور افغان طالبان مذاکرات کے بعد انٹرا افغان طالبان مذاکرات شروع ہوں گے۔ افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے 98 فیصد مطالبات مان لیے ہیں۔
ترجمان افغان طالبان کا کہنا ہے کہ افغان طالبان افغانستان کا نام ”اسلامی امارات افغانستان “ رکھنا چاہتے تھے۔ امریکا مان گیا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت بنانے کے بعد افغانستان کا نام ”اسلامی امارات افغانستان “ رکھ لیں۔ مزید برآں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ دوحہ میں مذاکرات کے پانچویں مرحلے میں مثبت پیش رفت ہوئی اور اب ہم باقی ماندہ نکات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔