سلمیٰ ہائیک کی 53ویں سالگرہ پر وائرل تصویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی

نیویارک : ہولی وڈ کی نامور اداکارہ سلمیٰ ہائیک ویسے تو اس وقت اپنی 53ویں سالگرہ منارہی ہیں، تاہم ان کی سامنے آئی ایک تصویر نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران کردیا۔53 سالہ سلمیٰ ہائیک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جو فوری وائرل ہوگئی اور لوگوں کو یقین ہی نہیں آیا کہ وہ تصاویر میں کسی ایسی خاتون کو دیکھ رہے ہیں، جنہوں نے 50 بہاریں دیکھی ہیں۔

خیال رہے کہ میکسین نژاد 53 سالہ سلمیٰ ہائیک کا شمار ہولی وڈ کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے اپنے فلمی کیریئر میں کئی شاندار کردار اداکرکے خود کو لازوال اداکارہ کے طور پر منوایا۔سلمیٰ ہائیک نے محض 23 سال کی عمر میں میکسیکو سے کیریئر کا آغاز کیا، تاہم جلد ہی وہ اداکاری کی تعلیم کے سلسلے میں امریکا منتقل ہوگئیں، جہاں انہیں دوران تعلیم 1995 میں پہلی مرتبہ فلم ’ڈسپریڈو‘ میں کام کرنے کا موقع ملا اور پھر ان کے ایک نئے سفر کا آغاز ہوگیا۔

سلمیٰ ہائیک نے 2009 میں فرانسیسی ارب پتی تاجر سے شادی کی تھی اور ان سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔سلمیٰ ہائیک اب تک 5 درجن سے زائد فلموں میں کام کر چکی ہیں، ان کی معروف فلموں میں ’بریکنگ اپ، 54، وائلڈ وائلڈ ویسٹ، لونگ اٹ اپ، ہوٹل، ٹریفک، فریڈا، ونس اپن ٹائم ان میکسیکو، آسک دی ڈسٹ، امریکانو، سیویجس، سم کائنڈ آف بیوٹی فل، ٹیل آف دی ٹیلز، ہاؤ ٹو بی اے لیتن لور اور دی ہٹ مین باڈی گارڈ‘ شامل ہیں۔

سلمیٰ ہائیک نے شاندار اداکاری پر متعدد ایوارڈ بھی جیت رکھے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ فیشن میگزین ’ان اسٹائل‘ کی 25 سالگرہ پر میگزین سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سلمیٰ ہائیک نے کہا تھا کہ اب انہیں مزید بوڑھا ہونے کے خیال سے ڈر نہیں لگتا۔سلمیٰ ہائیک کا کہنا تھا کہ ماضی میں انہیں 30 سال کی عمر تک پہنچنے کے خیال سے بھی خوف آتا تھا کیوں کہ لاطینی امریکا کے افراد کا خیال ہوتا ہے کہ خاتون 30 سال کی عمر کے بعد کام کی نہیں رہتی۔

اداکارہ نے اعتراف کیا تھا کہ جب وہ 20 برس کی عمر میں تھیں، تب وہ چاہتی تھیں کہ وہ ہمیشہ ہی جوان، خوبرو اور پرکشش رہیں۔ادھیڑ عمر اداکارہ کا کہنا تھا کہ جہاں ماضی میں ان کی خواہش تھی کہ وہ 30 سال کی عمر کو بھی نہ پہنچیں، وہیں اب انہیں مزید بوڑھا ہونے سے ڈر نہیں لگتا، کیوں کہ اب لوگوں کی سوچ سمیت ہر چیز میں تبدیلی آ چکی ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے