غیر ملکی ماڈل ٹریزا کو منشیات اسمگلنگ کیس میں 8 سال قید

لاہور: منشیات اسمگلنگ کیس میں غیر ملکی ماڈل ٹریزا کو 8 سال اور 8 ماہ قید کی سزا سنادی گئی اور مجرمہ ٹریزا سزا سننے کے بعد عدالت میں پھوٹ پھوٹ کر روپڑی۔

لاہورکی سیشن عدالت میں منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی، جج شہزاد رضانے کیس کا تحریری فیصلہ سناتے ہوئے چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزا کو 8 سال 8 ماہ قید کی سزا سنادی، عدالت نے مجرمہ کو ایک لاکھ 13 ہزار 337 روپے جرمانہ بھی کردیا۔ جب کہ عدم ادائیگی پر ٹریزا کو مزید 8 ماہ 20 دن قید کی سزا کاٹنا ہو گی۔

فیصلہ سننے کے بعد مجرمہ عدالت کے اندر پھوٹ پھوٹ کر روتی رہی۔ دوسری جانب عدالت نے شریک ملزم شعیب حفیظ خان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔

واضح رہے کہ یورپی ملک چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزا کو 10 جنوری 2018 کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش میں لاہورایئر پورٹ سے متحدہ عرب امارات جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ ماڈل ٹریزا کے خلاف 9 گواہان نے شہادتیں قلمبند کروا رکھی ہیں۔ عدالت نے ماڈل کے خلاف فیصلہ 12 مارچ کو محفوظ کیا تھا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے