کراچی کے علاقے جمشید روڈ پر گھر میں آتشزدگی، خاتون اور 2 بچے جاں بحق
کراچی: جمشید روڈ کے قریب گھر میں آتشزدگی کے باعث خاتون اور دو بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
کراچی کے علاقے جمشید روڈ بجلی گراونڈ کے قریب گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں خاتون اور 2 بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی اور لاشوں کو گھر سے باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خاتون اور دو بچے شامل ہیں جن کی شناخت شمائلہ، انیسہ اور سفیان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جب کہ جاں بحق خاتون شمائلہ کا شوہر ملائشیا میں ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فائربریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر نہیں پہنچیں اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی، دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی اطلاع پر 2 گاڑیاں روانہ کر دی گئی تھی۔