نوازشریف علاج کیلئے لاہور سے لندن روانہ،سابق وزیر اعظم کیساتھ کون کون روانہ ہوا،مریم نواز نے کہاں سے رخصت کیا؟
اسلام آباد:نوازشریف علاج کے لیے لاہور سے لندن روانہ ، نجی ٹی وی کے مطابق نوازشریف لاہور ائیرپورٹ جانے کے لیے سخت سکیورٹی میں جاتی امرا سے روانہ ہوئے، اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود کارکنان نے نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔
ائیرپورٹ پہنچنے پر نوازشریف کی روانگی کے لیے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی جس کے بعد ان کا ائیرایمبولینس میں چیک اپ کیا گیا جس کے بعد ائیرایمبولینس نے تقریباً ساڑھے 10 بجے لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے اڑان بھری۔نوازشریف کے ہمراہ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد لندن روانہ ہوئے ہیں۔
نوازشریف کے ہمراہ پارٹی رہنما بھی ائیر پورٹ روانہ ہوئے تاہم مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد نوازشریف کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔