پٹوارخانوں میں کرپشن کی روک تھام نہ ہوسکی
شیخوپورہ(ڈویژنل بیورو)پٹوار خانوں میں کرپشن کی روک تھام ممکن ہوسکی نہ کرپٹ پٹواریوں کا محاسبہ کیا جاسکا، پٹواریوں کی کرپشن بدستور جاری ، قبضہ مافیا سے ملی بھگت کرکے شہریوں کی زرعی وکمر شل اراضی پر قبضوںکے انکشافات پراعلیٰ حکام کاروائی سے قاصر، سائلین کے امور نمٹانے کی بجائے پٹواریوں کی تمام تر توجہ کرپشن پر مرکوز، شہری حلقوں کا اظہار برہمی، وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری کاروائی کرنے کا مطالبہ ، ذرائع کے مطابق پٹوار سرکل (حلقہ ہنجرانوالہ)کا پٹواری منظور دفتر سے غائب رہنا نہ صرف معمول بنائے ہوئے ہے بلکہ کرپشن کا بھی بے تاج بادشاہ ہے جس نے مذکورہ پٹوار سرکل میں تعیناتی کے بعد سے اب تک کروڑوں روپے کی جائیدادیں بنائی ہیں جو اس نے مختلف اہلخانہ کے نام منتقل کررکھی ہیں کرپشن کی اس کمائی کا ایک بڑا حصہ بنک بیلنس کی شکل میں بھی محفوظ کررکھاہے جس میں تیزی سے ہونے والا اضافہ اسکی کرپشن کا گواہ ہے جبکہ مذکورہ پٹواری کے بعض حواری جو سرکاری ملازم نہ ہونے کے باوجود پٹوارخانے کے امور چلارہے ہیں۔اور پٹواری کے مسلسل غیر حاضر رہنے کے باعث یہ حواری بھی سادہ لوح افراد سے مختلف حیلوں بہانوں سے بلیک میل کرکے نہ صرف روزانہ بھاری رقوم بٹور رہے ہیں بلکہ جائیدادوں کی غیر قانونی منتقلی میں بھی برابر کے شامل ہیں اور اس حوالے سے کی جانیوالی جعلسازی کے مختلف امور انجام دیتے ہیں، ذرائع کے مطابق پٹواری کی کرپشن کے خلاف بعض متاثرہ افراد نے اعلیٰ افسران کو شکایات بھی کیں جنہیں خاطر میں نہ لاتے ہوئے ردی کی ٹوکری کی نظر کردیا گیا اور اب تک اس بااثر پٹواری کے خلاف کوئی موثر کاروائی عمل میں نہیں لائی جاسکے جس کے باعث یہ پٹواری دھڑلے سے کرپشن جاری رکھے ہوئے ہے جس میں باقا عدہ حصہ بعض متعلقہ افسرا ن کو بھی پہنچایا جارہاہے، شہری حلقوں نے پٹواری کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔