اگلے سال لاکھوں فون پر واٹس ایپ سروس بند ہوجائے گی!
سان فرانسسکو: واٹس ایپ کمپنی کے اندرونی ذرائع نے کہا ہے کہ سال 2020ء میں بہت سے پرانے سافٹ ویئر پر چلنے والے فون میں واٹس ایپ کی سہولت برقرار نہیں رہے گی اور سب سے پہلے 31 دسمبر کو ونڈوز فون کی اکثریت پر واٹس ایپ بے عمل ہوجائے گا۔
واٹس ایپ کے مطابق آئی او ایس اور اینڈروئڈ کے پرانے ورژن والے اسمارٹ فون واٹس ایپ میں نئی تبدیلیوں کے ساتھ نہیں دے پائیں گے۔
واٹس ایپ کے اعلامیے کے مطابق فروری 2019ء کے بعد سے واٹس ایپ کو جاری رکھنے کے لیے آئی او ایس نائن اور اینڈروئڈ 3.0 ورژن لازمی تھے۔ اب واٹس ایپ کی مزید اپ ڈیٹس اس جگہ پہنچ چکی ہیں جہاں انہیں چلانے کے لیے آئی او ایس اور اینڈروئڈ کے قدرے آگے کے ورژن درکار ہیں جن میں اینڈروئڈ فور یعنی ’آئسکریم سینڈوچ‘ ورژن شامل ہے۔
اس طرح اگر آپ کے پاس آئی فون فائیو سے کم کا ماڈل ہے تو اس پر واٹس ایپ نہیں چلے گا جبکہ 31 دسمبر 2019ء تک سارے ونڈوز فون پر واٹس ایپ سروس بند ہوجائے گی جن میں لومیا سیریز بھی شامل ہے۔ اسی طرح ایچ پی ایلیٹ اسمارٹ فون، گوگل نیکسس ون، سام سنگ ایپک فوری اور موٹرولا ڈروئڈ ایکس پر بھی واٹس اپ سروس ختم ہوجائے گی۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ واٹس ایپ اب فیس بک کی ملکیت ہے اور وہ اسے جدت سے ہم کنار کرتے ہوئے مزید تبدیلیوں کا خواہاں ہے جن میں فیس بک اور واٹس ایب کا باہمی تعلق بھی قائم کیا جائے گا۔ اسی طرح فیس بک میسنجر انسٹا گرام سے نتھی کیا جارہا ہے۔ اسی وجہ سے چند مہینوں میں لاتعداد فون واٹس ایپ کی رسائی سے دور ہوجائیں گے۔